
اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید بارش، این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا
قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ مون سون کا نواں سپیل اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک مزید جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران ملک کے بالائی علاقوں مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سپیل کے زیر اثر 6 ستمبر سے ملک کے جنوبی علاقوں بشمول جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں شدید بارشوں کا امکان ہے ۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ناروال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور میں پچھلے 24گھنٹوں میں شدید بارشیں ہوئی۔
اس سپیل کے زیر اثر 6 ستمبر سے ملک کے جنوبی علاقوں بشمول جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، ملک کے ساحلی علاقے بشمول بدین، سجاول اور تھرپاکر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں غیر معمول بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی آمد کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، 4 سے 5 ستمبرکے دوران پنجند کے مقام پر راوی، چناب اور ستلج کے آبی ریلے جمع ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تینوں دریاؤں سے آنے والے ریلوں کی آمد کے باعث پنجند کے مقام پر شدید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال سے ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کی پیشگی نشاندہی کی جا چکی ہے اور متعلقہ پی ڈی ایم ایز کو بھی اس حوالے سے پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ حساس علاقوں کے مکین متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی حفاظت یقینی بنائیں، سیلابی صورتحال کے خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے بر وقت اور پیشگی اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو تقریباً 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔
مزید کہا کہ متاثرین کو ضروری سامان کی فراہمی کے لیے تمام حکومتی ادارے، فلاحی ادارے اور افواج پاکستان مشترکہ طور پر کوشاں ہیں جب کہ بہترین حکمت عملی اور طریقہ کار کو اپناتے ہوئے ضرورتمندوں تک امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے