
انڈر 17 اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ، پاکستان کے حسنین اختر نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز، انڈر 17، انڈر 21 اور مینز 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جاری ہیں، جہاں انڈر 17 اور ورلڈ ماسٹرز ایونٹ میں پاکستانی کیوئسٹس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انڈر 17 اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ مقابلوں میں پاکستان کے حسنین اختر نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ عالمی چیمپئن محمد آصف بھی سیمی فائنل مقابلے میں بھارتی حریف کو شکست دے کر ماسٹرز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی کیوئسٹ حسنین اختر نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل مقابلے میں پولینڈ کے اولیویر نزیالیک کو 0-4 کے کلین سویپ فریم سے شکست دے کر فائنل میں رسائی ممکن بنائی۔
حسنین اختر نے ہر فریم میں بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف مقابلے میں واپس آنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
فائنل مقابلے میں حسنین اختر پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں ان کی کارکردگی پر ملک بھر کی نظریں مرکوز ہوں گی۔
دوسری جانب عالمی چیمپئن محمد آصف بھی ماسٹرز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے، 3 مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے سیمی فائنل میں بھارتی حریف منان چندرا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-4 سے شکست دے دی ہے۔
محمد آصف نے کوارٹر فائنل مقابلے میں میزبان کھلاڑی حبیب صباح کو 0-4 اور پری کوارٹر فائنل میں متحدہ عرب امارات کے کیوئسٹ محمد شہاب کو 2-4 سے شکست دی تھی