ممبئی (آئی این پی) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو5 سالہ بچے نے بڑھاپے میں گھر آرام کرنے کا مشورہ دیدیا۔80 سالہ امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ میں ایک مہم کے لیے کام پر تھا اور منظر میں ایک چھوٹا بچہ تھا جس کی عمر تقریباً 5 یا 6 سال تھی، ایک ریہرسل کے درمیان وہ بچہ میری طرف متوجہ ہوا اور اس نے کہا کہ معاف کیجیے، آپ کی عمر کتنی ہے؟ میں نے کہا 80 سال۔
اداکار نے لکھا کہ میری عمر سن کر اس بچے نے پلٹ کر کہا، اوہ! تو آپ کیوں کام کر رہے ہیں؟ میرے دادا دادی گھر بیٹھے آرام کر رہے ہیں، آپ کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔بگ بی نے مزید لکھا کہ میرے پاس اس بچے کے لیے کوئی جواب نہیں تھا، بنیادی طور پر اس لیے کہ میں اس 5 سال کے بچے کی غیر معمولی سچائی پر حیران تھا، شوٹ کے اختتام پر بچے کے ساتھ ایک تصویر لی اور اسے ایک آٹوگراف بھی دیا۔








































