اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز شریف کی بطور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) تعیناتی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا ۔
پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے دائر درخواست پر مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور ان سے 17جون کو جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل حسن من نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ (ن)لیگ نے مریم نواز کو تین مئی کو اپنا نائب صدر بنایا ہے جبکہ چھ جولائی 2018کو احتساب عدالت انہیں سزا دے چکی ہے ۔ احتساب عدالت مریم نواز کو سات سال قید اور دو ملین پائونڈ جرمانہ کی سزا سنا چکی ہے جبکہ 19ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کی سزا معطل کی ۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا خان کا کہنا تھا کہ سزا معطلی کا مطلب یہ نہیں کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ختم ہو گیا،وہ فیصلہ اپنی جگہ موجود ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے مریم نواز کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی۔
الیکشن کمیشن نے درخواست پر مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت17جون تک ملتوی کر دی۔









































