
البانیہ میں تیسری سے چوتھی صدی عیسوی کے زمانے کے امیر رومی شخص کا مقبرہ دریافت
حکام اس مقام کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں
البانیہ میں ماہرینِ آثار قدیمہ نے تیسری سے چوتھی صدی عیسوی کے زمانے کا بڑا رومی مقبرہ دریافت کیا ہے، جو ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے، جو کبھی رومی سلطنت کا حصہ تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق مقامی افراد نے ایک پلیٹُو پر غیر معمولی پتھروں کو دیکھنے کے بعد اطلاع دی، جس پر آثار قدیمہ کے ادارے کے عملے نے اگست کے اوائل میں کھدائی شروع کی اور ایک زیرِ زمین ڈھانچہ دریافت کیا، جس کی بڑی چونے کے پتھروں کی سلیبوں پر یونانی زبان میں تحریریں کندہ تھیں۔
پروجیکٹ کے سربراہ ماہرِ آثار قدیمہ ایریکسن نکولی نے کہا کہ تحریر ہمیں بتاتی ہے کہ یہاں دفن شخص کا نام گیلیانو تھا، جو رومی دور میں عام تھا، دوسرے فرد کی شناخت کے بارے میں ہم غیر یقینی ہیں، لیکن غالب امکان ہے کہ وہ گیلیانو کے خاندان کا ہی کوئی فرد ہو۔
9 میٹر لمبی اور 6 میٹر چوڑی (29 فٹ × 19 فٹ) یہ قبر البانیہ میں پہلی بار دریافت ہوئی ہے، جسے ماہرین کسی امیر شخص کا مدفن قرار دے رہے ہیں، جو علاقے میں ملنے والی دیگر قبروں سے کہیں زیادہ شاندار ہے۔
البانیہ، جہاں سیاحت تیزی سے بڑھ رہی ہے، مقامی حکام پہلے ہی اس مقام کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جب کہ خبر سنتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گئے۔
گزشتہ ہفتے نکولی کی ٹیم نے برش کی مدد سے قبر کی سفید چھت اور دیواروں پر بنے نفیس نقش و نگار کو ظاہر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سونے کے دھاگے سے کڑھائی کی ہوئی ایک کپڑے کی قمیض بھی برآمد کی ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ یہ کسی اعلیٰ طبقے کے فرد سے متعلق ہے، دیگر دریافتوں میں شیشے کی پلیٹیں اور چھریاں بھی شامل ہیں۔
نکولی کے مطابق یہ قبر کم از کم دو بار لوٹی جا چکی ہے، ایک بار قدیم زمانے میں اور بعد میں جب بھاری مشینری سے اس پر رکھا ایک بڑا پتھر ہٹایا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مدفون شخص کا نام یونانی حروف میں لکھا گیا ہے، لیکن اس کا مطلب لاطینی زبان سے متعلق ہے، جب کہ ایک اور تحریر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ قبر دیوتا مشتری کے نام پر وقف تھی۔
ماہرین نے اب تک قریبی پتھروں پر کندہ اضافی تحریروں کو نہیں پڑھا، جنہیں وہ ایک اور یادگار کا حصہ سمجھتے ہیں، جو آج کل مکئی کے کھیتوں اور ایک کان کے درمیان گھرا ہوا ہے۔