
اس وقت کینسر نہیں ہے لیکن مکمل طور پر کینسر فری نہیں ہوئی، انجلین ملک
اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے کہا ہے کہ اس وقت انہیں کینسر نہیں ہے، تاہم وہ مکمل طور پر کینسر فری نہیں ہوئی، ان کا علاج تاحال جاری ہے۔
انجلین ملک نے پہلی بار اپنی بیماری پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ انہیں ’اوورین کینسر‘ لاحق ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر اداکارہ نے فروری 2025 میں پہلی بار بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے اپنا علاج شروع کروادیا۔
اس وقت انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان میں کون سی کینسر کی تشخیص ہوئی اور اس کی نوعیت کیا ہے؟
بعد ازاں اداکارہ نے اپنی سرجری اور کیموتھراپی سمیت دیگر علاج سے متعلق بھی بتایا تھا، ان کا علاج متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی اور ترکیہ میں ہوا، ابتدائی علاج انہوں نے پاکستان سے ہی کروایا تھا۔
اب انہوں نے پہلی بار اپنی بیماری پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں کینسر کا اس وقت پتا چلا جب ان کی بیماری تیسری اسٹیج تک پہنچ چکی تھی۔
انجلین ملک نے حال ہی میں ’سماء ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی بیماری سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں پہلی بار دسمبر 2024 میں پتا چلا کہ انہیں کینسر ہے لیکن انہوں نے اس کا اعلان بعد میں کیا۔
ان کے مطابق انہیں کوئی درد، بخار یا دوسری علامت نہیں تھی، انہوں نے خود سے ہی کینسر سے متعلق بلڈ ٹیسٹ ’سی اے 125‘ کروایا، جو کہ مثبت آیا، جس کا مطلب تھا کہ انہیں کینسر ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹیسٹ کے بعد انہوں نے مزید ٹیسٹس کروائے تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کا کینسر تیسرے اسٹیج تک پہنچ چکا ہے اور انہوں نے فوری طور پر علاج شروع کروایا۔
انجلین ملک نے کہا کہ انہوں نے خود سے ہی اپنا بلڈ ٹیسٹ کروایا تو انہیں معلوم ہوا کہ وہ کینسر کا شکار بن چکی ہیں۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں کینسر کی تاریخ رہی ہے، ان کے والد، تایا، دو بہنوں میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی جب کہ خاندان کے دیگر افراد میں بھی اس کا خطرہ موجود ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ایک اور بہن بھی کینسر کے خطرے سے دوچار ہیں، تاہم ابھی تک ان میں کینسر کی تشخیص نہیں ہوئی، ان کی بہن کا خاندانی کینسر کی تاریخ جانچنے کا بلڈ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ان میں دیگر کے مقابلے کینسر کا شکار ہونے کے امکانات 70 فیصد تک زائد ہیں۔
انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ وقتا بوقتا کینسر کے اسکریننگ ٹیسٹ کروالیا کریں، ’اوورین کینسر‘ کی عام طور پر علامات ظاہر نہیں ہوتیں، خاموشی سے بیماری شکار بناتی ہے