اسماعیل ہنیہ ایک بار پھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ منتخب ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری مدت کے لیے سیاسی ونگ کا سربراہ منتخب ہونے کے بعد غزہ پٹی پر اسرائیل کے خلاف مختلف محاذوں پر ڈٹ جانے والے اسماعیل ہنیہ کی حماس پر گرفت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
اسماعیل ہنیہ 2017 سے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ ہیں جو (غزہ، مغربی کنارے اور فلسطین کے دیگر علاقوں جہاں اسرائیل قابض ہے) تنظیم کے سیاسی امور کو دیکھتے ہیں۔
ایک فلسطینی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ اسماعیل ہنیہ پارٹی انتخابات کے نتیجے میں اگلے 4 برسوں کے لیے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ مقرر ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو 2004 میں شہید کیے جانے والے حماس کے بانی رہنما شیخ احمد یاسین کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔