بولی وڈ کی نامور اداکارہ نے چند روز قبل ادیتیا پنچولی کے خلاف ریپ اور جنسی تشدد کی ایف آئی آر درج کرا کر سب کو حیران کردیا تھا اور اب انہیں نے اپنے بیان میں دعویٰ دیا ہے کہ ادیتیا نے ان کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں انہیں بلیک میل کیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ ادیتیا پنچولی نے ان تمام الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا۔یاد رہے کہ انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 376، 328، 384، 341، 342، 323، 506 کے تحت ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔اداکارہ نے اپنے نئے بیان میں کہا کہ وہ 2004 میں ادیتیا پنچولی سے ملی تھیں اور اس وقت ان کا ایک ہی خواب تھا کہ وہ کسی دن بہت بڑی اداکارہ بن سکیں۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس ہی سال وہ ادیتیا کے ساتھ ایک تقریب کا حصہ بنیں، جہاں ادیتیا نے ان کی ڈرنک میں کچھ ملا دیا تھا جس کے بعد وہ اپنے ہوش کھو بیٹھی۔انہوں نے ادیتیا پر الزام لگایا کہ تقریب ختم ہونے کے بعد وہ ان کو گھر چھوڑنے گئے، اس دوران راستے میں انہوں نے گاڑی روک دی اور ان کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔اداکارہ کے مطابق ‘ادیتیا نے اس دوران میری اجازت کے بغیر میری تصاویر بنائی اور اگلی بات جب ہم ملے تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ اب ہمارے درمیان وہ رشتہ ہے جو ایک میاں بیوی کے درمیان ہوتا ہے تو اب سے ہم بالکل اس ہی طرح رہیں گے’۔انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے ادیتیا سے کہا کہ وہ میرے والد کی عمر کے ہیں اور میں کسی ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہوں جو میری عمر کا ہو’۔36 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ ان کے کیریئر کا آغاز تھا اور وہ ممبئی میں کسی کو جانتی نہیں تھی اور ادیتیا نے اس ہی بات کا فائدہ اٹھایا۔یاد رہے کہ یہ مقدمہ بولی وڈ کی اداکارہ کی بہن نے درج کروایا، جس میں ادیتیا پنچولی پر تشدد اور ریپ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اداکارہ نے پولیس کو دیے بیان میں بتایا کہ ادیتیا پنچولی نے کم عمری میں کئی مرتبہ ان کا ریپ کیا۔اداکار کے مطابق انہوں نے اس وقت بھی ادیتیا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی تاہم پولیس نے انہیں صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا تھا۔ایف آئی آر درج ہو نے کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا۔اس حوالے سے اداکارہ کا نام تو سامنے نہیں آیا تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ ادیتیا پنچولی کے خلاف یہ مقدمہ کنگنا رناوٹ اور ان کی بہن رنگولی نے درج کروایا۔رواں سال بھی کنگنا رناوٹ نے ادیتیا پنچولی پر جنسی ہراساں اور ریپ کا الزام عائد کیا۔جس کے بعد ادیتیا اور زرینہ نے کنگنا اور ان کی بہن کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا۔بعدازاں زرینہ وہاب کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ کنگنا رناوٹ 4 سال سے زائد عرصے تک ان کے شوہر کے ساتھ تعلقات میں رہیں اور بعد میں ان پر جنسی ہراساں اور ریپ کا الزام عائد کردیا۔خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے ادیتیا پنچولی پر پہلی بار جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات 2017 میں لگائے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں اداکار نے انہیں استعمال کیا اور ان کے ساتھ ناروا سلوک رکھا۔کنگنا رناوٹ کے مطابق کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ان کے اور ادیتیا پنچولی کے درمیان تعلقات تھے اور اداکار نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے سمیت انہیں دھوکا دیا۔








































